پاکستان میں خواتین کو اسلامی، آئینی، سماجی تحفظ حاصل ہے، عمر فاروق

98

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمر فاروق گجر نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کو اسلامی، آئینی، سماجی تحفظ حاصل ہے۔ ریاستی نظام کی تباہی، قانون کی بالادستی نہ ہونے اور معاشرتی،سماجی،معاشی ناہمواری کی وجہ سے صرف خواتین نہیں تمام طبقات،ظلم و جبر، لاقانونیت کا شکار ہیں۔وہی حکمران اور بالادست طبقہ جس نے 22کروڑ عوام کو دکھ،محرومیاں اور پستی دی ہے وہ عورت کے پیچھے چھپ کر تمام معاشرتی اقدار کو تباہ کرکے عالمی سامراج کی خواہش و ایجنڈا کے مطابق پاکستان کو لبرل، بے ہودگی، مادر پدر آزادی اور عورت کی انتہائی تذلیل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رسولؐ ﷺمحسن نسواں ہیں۔مرد و خواتین کی برابری سب سے پہلے آپ نے معاشرے میں متعارف کروائی۔ انہوں نے کہا کہ آج 2 بجے دوپہر المرکز الاسلامی چنیوٹ بازارسے تکریم نسواں واک ہوگی جس میں شرکت کر کے فیصل آباد کی ہزاروں خواتین یہ ثابت کریں گی کہ ہمیں نام نہاد مغربی آقائوں کے اشاروں پر چلنے والی این جی اوز کے حقوق نہیں بلکہ اسلام کی جانب سے دیے گئے حقوق دیے جائیں۔