حیدرآباد ،بلدیہ میٹ کی کارروائی ،پریشر لگانے والے 3 غیر قانونی مذبحوں پر تالے

121

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میٹ سیکشن بلدیہ سٹی نے سول اسپتال، گرونگر، میمن اسپتال سمیت دیگر پبلک مقامات پر گھومنے والی 7آوارہ گائیوں کو ذبح کردیا، عملے نے فقیر کا پڑ اور لجپت روڈ پر بغیر جالیاں لگائے فروخت کیے جانے والا 2 من سے زائد گوشت تحویل میں لے کر تلف کردیا، پریشر لگانے میں ملوث گنجان آبادی میں قائم 3 غیر قانونی مذبحہ پر تالے ڈال دیے گئے۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی کے عملے کا انچارج ندیم غوری کی سرکردگی میں مختلف علاقوں میں پریشر والے، بھینسوں کے چند روز کے بچوں، لاغر اور بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کی روک تھام کے لیے بڑا کریک ڈائون جاری ہے، جس کے دوران دو ماہ کے دوران 100 من سے زائد مضر صحت گوشت تحویل میں لے کر تلف کیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف شہریوں کی پبلک مقامات پر آوارہ گائیوں کے گھومنے اور حادثات کا سبب بنے کی شکایات پر میٹ سیکشن کے عملے نے آوارہ گائیوں کو ذبح کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ میٹ سیکشن سٹی کے عملے نے سول اسپتال، میمن اسپتال، گرونگر سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 آوارہ گائیوں کو ذبح کردیا، عملے کی کارروائی کے دوران ان گائیوں کے مالکان قصاب موقع پر پہنچ گئے اور شدید مزاحمت کرتے ہوئے عملے کو کارروائی سے روکنے کی کوشش کی، جسے عملے نے ناکام بناتے ہوئے کارروائی مکمل کی، جبکہ ذبح کی جانے والی گائیوں کو ان کے مالکان قصاب چنگ چی اور سوزوکی گاڑیوں میں ڈال کر لے گئے۔ میٹ سیکشن کے عملے نے فقیر کا پڑ اور لجپت روڈ کی گوشت مارکیٹ میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دکانوں سے جالیاں لگائے بغیر فروخت کیے جانے والا دو من سے زائد گوشت تحویل میں لے کر تلف کردیا۔ کارروائی کے دوران قصاب عملے کو جرمانہ کرکے گوشت واپس کرنے کے لیے دبائو ڈالتے رہے۔ اسی طرح عملے نے نورانی بستی اور پریٹ آباد کی گنجان آبادی میں قائم 3 غیر قانونی مذبحہ پر بھی چھاپا مارا جہاں عملے کو گوشت پر پریشر لگانے کی اطلاعات ملی تھیں۔ کارروائی کے دوران مذبحہ کے مالکان نے بتایا کہ ان کا مذبحہ غیر فعال ہے اور تمام مال شہرسے باہر کیٹل کالونی منتقل کردیا گیا ہے، جس پر عملے نے علاقہ معززین کی موجودگی میں مذکورہ مذبحہ کو تالے لگا دیے۔ میٹ سیکشن سٹی کے انچارج ندیم غوری نے بتایا کہ تمام باڑا، مذبحہ اور آوارہ جانوروں کے مالکان کو کئی بار تحریری نوٹس دیے گئے ہیں مگر تاحال ان کا غیرقانونی کاروبار جاری ہے۔ میٹ سیکشن کے عملے کی جانب سے کارروائیوں کے دوران کسی بھی قسم کے نقصان کی ذمے داری ان مالکان پر عائد ہوگی جبکہ اگلے مرحلے میں ان مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔