مہمند (خبرایجنسیاں) وزیراعظم نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید نہیں بڑھیں گی، عوام اور انڈسٹری پر اتنابوجھ نہیں ڈال سکتے۔مہمند میں احساس کفالت پروگرام کے حوالے سے منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پالیا ہے، فکرنہ کریں مشکل وقت گزر گیا اور اب اچھا وقت آنے والا ہے، وعدہ کرتا ہوں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، رپورٹ آنیوالی ہے کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کبھی بھی کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران کرپٹ ہوں، وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا، ملک تب غریب ہوتا ہے جب حکمران پیسہ چوری کر کے باہر لے جاتے ہیں، کرپٹ حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے لندن، امریکا میں بڑے گھر لے لیتے ہیں، جن کے اکاؤنٹ، کاروبار اور محل بیرون ملک ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ دیں،سارے کا سارا ٹبر باہر بیٹھا ہے۔ عمران خان نے کہاکہ میرے اوپرالزام لگایا گیا کیا میں لندن بھاگ گیا ؟ 10 ماہ میں عدالت کو تمام دستاویزات دیں، جب چوری نہ کی ہو تو لندن بھاگنے کی ضرورت نہیں ہوتی، ملک اس لیے آگے نہ بڑھ سکا کیونکہ یہاں کرپٹ لوگ حکمران تھے۔وزیراعظم نے علاقے میں تھری اور فور جی سروس لانے کی ذمے داری مراد سعید کو سونپ دی۔ انہوں نے کہا تھری اور فور جی سروس مراد سعید قبائل علاقوں میں لائیں گے، موبائل فون سے گھر بیٹھے بچوں کو تعلیم مل رہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو 7 ماہ سے بھارتی فوج نے گھروں میں بند کر رکھا ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مودی کا نظریہ انسانوں سے نفرت پر مبنی ہے،دنیا نے دیکھا دہلی میں آر ایس ایس کے غنڈوں نے پولیس کے ساتھ مل کر مسلمانوں پر ظلم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے افغانستان میں امن ہو، 40 سال سے افغانستان کے لوگوں پر عذاب آیا ہوا ہے،افغانستان سے تجارت کے لیے سرحد کھولی جائے گی۔