?اشغر گوادر نرو? تبد?ل ??ا گ?ا تو عوام ?? سات? ب?ت ب?? ناانصاف? ?وگ?،سراج الحق

256

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ طے شدہ کاشغرگوادرروٹ کو تبدیل کیا گیا تویہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی اور ناانصافی ہوگی،وزیر اعظم نواز شریف چاروں صوبوں کے وزیر اعظم بن کر فیصلے کریں ،چھیالیس ارب ڈالرکے پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم منصوبے کو وفاقی حکومت متنازعہ نہ بنائے ،نادراایک ماہ کے اندر اندر لاکھوں بلاک شدہ شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کردے ورنہ بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہونگے ،نادرا سے توقع تھی کہ وہ عوام کیلئے سہولیات پیدا کریگی لیکن الٹا اس ادارے نے عوام کے ناک میں دم کررکھا ہے اور نہ حل ہونے والے مسائل پیدا کردیے ہیں۔

قیمتی پتھروں کا کاروبار کرنے والے ایکسپورٹرزکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور سٹیٹ بینک کے ذمہ داران سے بات کرونگا،حکومتوں کی تھوڑی سی توجہ سے قیمتی پتھروں کی ایکسپورٹ سے کثیرزرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ پشاورکی ترقی کیلئے وزارت بلدیات کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،پشاور کی عظمت رفتہ کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے انتھک کوششیں ہورہی ہیں اور دو سال پہلے کے پشاور کے مقابلے میں آج کا پشاور زیادہ خوبصورت ، سرسبز اور پھولوں سے مزین نظر آرہاہے۔

جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں اہل اور دیانت دار امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں، عوام بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں ۔35سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرکے اب یکدم انکے ساتھ ناروا سختی اور انہیں ہراساں کرنے سے افغانستان میں پاکستانی مفادات کونقصان پہنچے گا۔خیبرپختونخوامیں بدترین بجلی لوڈشیڈنگ بند کی جائے ، باالخصوص رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،خیبرپختونخوا سے نکلنے والے دریاﺅں پر سستی بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں تو پھروفاقی حکومت مہنگی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو زیادہ توجہ کیوں دے رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور نمک منڈی میں آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سید منہاج الدین شاہ صدرآل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ،جنرل سیکرٹری حاجی مشتاق ،ذوالفقاراور دیگر عہدیداران موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کے بلائے گئے کاشغر گوادر روٹ کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کرونگا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پشاور کی تاجر برادری اور عوام میں کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کی خبروں سے سخت تشویش پائی جاتی ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام کاشغرگوادر روٹ کے نقشے کو تبدیل نہیں ہونے دینگے ۔ سراج الحق نے کہا کہ نادرا نے لوگوں کے شناختی کارڈ طویل مدت سے بلاک کرکے لوگوں کو ذہنی اذیت اور کوفت میں مبتلا کردیا ہے۔ایک ایک شناختی کارڈ کی تصدیق اور دیگر معلومات فراہم کرنے کے باوجود لو گوں کے شناختی کارڈ پھر بھی بلاک رہتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کے بینک اکاﺅنٹ منجمد ہوجاتے ہیں ان کے لئے سفر کرنا پاسپورٹ بنوانا اور دیگر کاروباری سرگرمیاں سرانجام دینا تقریبا ناممکن ہوجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نادرا نے جماعت اسلامی کے احتجاج پر بلاک شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کرنے کی لئے تین ماہ کی مہلت مانگی تھی جس میں سے دو ماہ گذر چکے ہیں لیکن ابھی تک نادرا کی طرف سے اس سنگین مسئلے کو سلجھانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ماہ مزید انتظار کرلیں گے لیکن اس کے بعد احتجاج کا اپنا آئینی اور جمہوری حق بھرپور طریقے سے استعمال کریںگے۔