کوئٹہ ،کوسٹ گارڈکی کارروائی،منشیات،چھالیہ غیرملکی سامان سمیت2 ملزمان گرفتار

83

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈز نے وندر میں کھاری چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 227 کلو گرام چرس، 25 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل، 4 ہزار کلو گرام چھالیہ و دیگر غیر ملکی سامان برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق گزشتہ روز کوسٹ گارڈ نے وندر بلوچستان ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر دوران چیکنگ سیب کے کریٹس سے لدے ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 227 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ کوسٹ گارڈ عملے نے ایک اور کارروائی کے دوران موبائل گشت وندر ڈام کے علاقے سے غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا 25,000 لیٹر ایرانی ڈیزل بھی برآمد کرلیا۔ اس کے علاوہ وندر بلوچستان ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ کی جانے والی اشیا میں 4,315 کلو گرام چھالیہ، 269 عدد ٹائر، 665 پیکٹ انڈین گٹکا، 1,063 اسٹک غیر ملکی سگریٹ، 59 بیگز چائنا سالٹ، 808 پیکٹ نسوار اور 430 کلو گرام غیر ملکی کپڑا برآمد کرلیا گیا ہے۔