سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 13نوجوانوںکو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے سرنو، منگہامہ، کریم آباد اوردیگر علاقوںکا محاصرے کر کے گھروں پر چھاپے مارے جس دوران کم از کم 13نوجوان گرفتار کر لیے گئے۔ بھارتی پولیس کے ایک افسر نے نوجوانوں کی گرفتار ی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت مخالف مظاہروں میں حصہ لینے پر گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما اور جموںوکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں جموںکی ٹاڈا عدالت میں پیش کیا گیا۔ مسرت عالم کو ان کے خلاف 2012ء میں درج کیے گئے بے بنیاداورجھوٹے مقدمے میں ٹاڈا عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے استغاثہ اور مسرت عالم کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اگلی تاریخ سماعت 9 اپریل کو مقرر کردی۔