وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آج اہم ملاقات کی ہے، جس میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں وفاقی حکومت کے مکمل شدہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کے لیے وزیر اعظم آفس میں عمران خان سے خصوصی ملاقات کی، وزیر اعظم نے کراچی کے عوام کی سہولت کے لیے مکمل ہونے والے منصوبوں پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیر اعظم نے وفاقی حکومت کے تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں میں گورنر سندھ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، مجھے معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات، اور عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو دیگر منصوبے بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے کل اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں کراچی کی ضرورتوں کو مد نظر رکھ کر مزید ترقیاتی منصوبوں کے اجرا پر غور ہوگا۔