کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ مفت کیے جارہے ہیں،ظفر مرزا

179

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ مفت کیے جارہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ہے کہ جو کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹ خود تیارکرنیکی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ ملک بھرمیں آٹھ لیبارٹریز پر سرکاری سطح پر کورونا کٹس فراہم کی گئی ہیں۔

ظفر مرزا نے کہا کہ تمام 8 لیبارٹریز کو کٹس مفت دی گئی ہیں اور ٹیسٹ کی کوئی فیس نہیں لی جارہی، ملک بھرمیں کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ مفت کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رہیں گے اور ایران و افغانستان کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ظفر مرزا نے کہا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے ملک میں تمام بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے لیے پاکستان میں صرف 3 ائیرپورٹس کراچی، لاہور اور اسلام آباد پرانٹرنیشنل پروازیں آسکیں گی اور بین الاقوامی پروازیں انہی ائیرپورٹس سے آپریٹ ہوں گی۔