کورونا وائرس ہو یا ظالم حکمران رب کی ناراضگی کا اظہار ہے، عبدالستار بیگا

177

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں عبدالستار بیگا اور جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ہو یا ظالم حکمران یہ سب رب کی ناراضگی کا اظہار ہے، ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرامؓ نے دین کے لیے بہت تکالیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا، عزم اور یقین کے ساتھ ہی حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن اور رشوت کا دور دورہ ہے، ملک کا غریب طبقہ نانِ شبینہ کے لیے پریشان ہے، عورت کو اسلام نے جو حقوق دیے ہیں اس کی مثال کسی مذہب میں نہیں ملتی۔ اسلام میں عورت کے نان و نفقہ کی ذمے داری مرد پر ہے، عورت گھر کی ملکہ ہے، پاکستان کے حکمران اسلام اور آئین سے بغاوت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ میرا جسم میری مرضی کے پیچھے اسلام دشمن عناصر ہیں، جو پاکستان اور نظریہ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام اور شریعت کیخلاف بولنے والے کورونا جیسے معمولی وائرس سے پریشان ہیں۔ اللہ سے رجوع کرنے، اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کی ضرورت ہے۔ اللہ اور قرآن سے تعلق مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور دین اور شریعت کی بالادستی کے لیے جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے، جو ملک کلمہ کی بنیاد پر لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا۔ اس میں 70 سال گزرنے جانے کے باوجود آج بھی ظلم اور جبر کا فرسودہ نظام ہے۔