عوام کورونا سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اللہ سے رجوع کریں، راجا جواد

192

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ عوام کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اللہ سے رجوع کرے، کثرت سے توبہ استغفار کیا جائے۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں رجوع الی اللہ اور آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ضلع بھر کے ذمے داران وکارکنان اس وبا کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ اللہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔ مہنگائی اور نااہل حکمرانوں کیخلاف رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں بڑے عوامی پروگرامات کے بجائے مقامی سطح پر سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے۔ ذمے داران سے مشاورت میں گفتگو کرتے ہوئے امیر ضلع راولپنڈی نے کہا کہ اللہ سے بغاوت کی وجہ سے پوری دنیا عذاب اور ذلت کا شکار ہے۔ پاکستانی قوم عالمی طاغوتی شیطانوں اور ان کے آلہ کاروں سے نجات کے لیے نظام مصطفیﷺ کے لیے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دے۔