پورا ملک مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ ہے، رائے محمد جاوید

147

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 112 کے امیر رائے محمد جاوید نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت 1990ء کی سطح سے بھی کم پر ہیں لیکن حکمران طبقہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اپنی جیبیں اور تجوریاں بھر رہا ہے، پورا ملک مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ ہے لیکن حکومتی وزرا اور مشیر موج مستیوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ قیمتوں میں کمی کے حکومتی اعلان اور دعوئوں کے باوجود آٹا، دال، چاول، گھی، دودھ اور سبزی و دیگر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی، جو غریب عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ناانصافی کے برابر ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ثمرات غریب عوام تک پہنچانے کے بجائے وفاقی حکومت اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو نہیں پہنچایا گیا، جو حکومت کی عوام دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی حکومت کا عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ دینا سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں کم از کم بیس روپے فی لیٹر کمی کر کے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔