نیب کو خود سوچنا ہوگا کہ اس کے پاس کیا رہ گیا ہے،شہباز شریف

179

لندن:مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب کو خود سوچنا ہوگا کہ اس کے پاس کیا رہ گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر وقائد حزب اختلاف شہباز شریف کا خواجہ سعد رفیق اورخواجہ سلمان رفیق کی ضمانت منظور ہونے پراظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصےتک قید ناحق گزارنے والے بے گناہوں کو آج انصاف ملا ہے، ان عظیم ساتھیوں نے نہایت درد مندی، محنت، ایمانداری سے ملک و قوم کی مثالی خدمت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ایک عظیم والد کے عظیم فرزند ہیں، ایسے سیاسی قائدین کسی بھی جماعت، معاشرے،ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہوتے ہیں، اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بے گناہ آخر کار انصاف سے ہمکنار ہو رہے ہیں، دعا ہےکہ ناحق قید ہربےگناہ کو رہائی ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ نےآج نیب کی نیت،صلاحیت سےمتعلق جو کچھ کہا اس کے بعدمزید کہنے کی ضرورت نہیں، نیب کو خود سوچنا ہوگا کہ اس کے پاس کیا رہ گیا ہے، ایک قومی ادارے کو کیا بنادیا ہے۔