پاکستان میں خواتین کے لیے امریکی دستاویزی فلموں کی نمائش

264

اسلام آباد

پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانہ کے امریکن فلم شوکیس کے تحت امریکی دستاویزی فلموں کی نمائش اور امریکی دستاویزی فلموں کے ایک ماہر کے ساتھ تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں اور صنفی مساوات کو فروغ دینا تھا۔

امریکی فلم شوکیس نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ’’کوالیفائیڈ‘‘ نامی دستاویزی فلم کی خصوصی نمائشوں کا اہتمام کیا، یہ دستاویزی فلم امریکہ کی ریس کار ڈرائیور جینٹ گوتھری کی زندگی پر مبنی ہے، جو انڈین ایپلولس ۵۰۰ کے لئے کوالیفائی کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔ ’’آر بی جی‘‘ جو سپریم کورٹ کی جسٹس روتھ بیدر گنزبرگ کی زندگی پر مبنی ہے، کی بھی پاکستان میں پہلی مرتبہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، اسلام آباد میں نمائش کی گئی۔

امریکی سفارتخانہ کی منسٹر قونصلر برائے امور عامہ لیزا ہیلر نے فلم کی نمائش کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارتخانہ نے خواتین کی جانب سے اور خواتین سے متعلق بنائی جانے والی ان فلموں کی نمائش کی، جن میں امریکی معاشرے اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینے سے متعلق سوچ اجاگر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فلم شوکیس نے فلموں کے پاکستانی اور امریکی ماہرین اور شائقین کو اپنی کہانیوں کو مقامی و بین الاقوامی ناظرین کے لئے ایک جگہ جمع کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

امریکی فلم سفیر کلیئر ایگولر نے فلموں کی نمائش کے علاوہ پاکستانی فلم سازوں، فلمی صنعت کے ماہرین اور طلبہ کے ساتھ ملک بھر میں ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جن میں انہوں نے مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن، براڈ کاسٹنگ اور ڈاکومنٹری فیسٹول سے متعلق اپنی مہارتوںسے مستفید کیا۔ ان ورکشاپس میں عام طور پر دونوں ملکوں میں فلم سازوں کو درپیش مسائل پر توجہ دی گئی۔

امریکی فلم شوکیس کا انعقاد پاکستانی غیر سرکاری تنظیم اسٹینڈ فار پیس کے ساتھ شراکت میں کیا گیا تھا، جو امریکی سفارتخانہ کی ان جاری کوششوں کا حصہ ہے، جو پاکستان میں فلم سازوں کی آئندہ نسل کی آواز کو مضبوط بنانے کی غرض سے پاکستانی اور امریکی فلم سازوں کو ایک جگہ جمع کرنے کے لئے کی جارہی ہیں۔

###