وزیراعظم کا ڈی جی خان میں قرنطینہ کا دورہ‘ ناقص انتظامات پر برہم

435
ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم عمران خان کو قرنطینہ مرکز کے دورے کے موقع پر بریفنگ دی جارہی ہے

ڈیرہ غازی خان/اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے عارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان پر سخت برہمی کا اظہار کیاہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ڈیرہ غازی خان میں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پرغور کیا گیا، بیرون ملک سے آنے والے افراد کے کورونا ٹیسٹ کے انتظامات پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ صوبہ پنجاب میں بنائے گئے قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان پر سخت اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے، تمام ادارے اور افسران اپنی خدمات لوگوں کے لیے وقف کردیں اور لوگوں کی خدمت کو ہی اپنا شعار بنائیں، جب کہ تمام سرحدی علاقوں سے داخل ہونے والے افراد کی مکمل اسکریننگ کی جائے، وزیراعظم عمران خان ڈیرہ غازی خان کے دورے کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا، حکام کی جانب سے وزیراعظم کو اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ضروری ادویات کی دستیابی اوران کی مناسب قیمتوں کے تعین کے حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ذمے داریوں اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا حکومت ضروری ادویات کی ملک میں آسانی سے دستیابی اور مناسب قیمت پر عوام کو فراہمی کے لیے کوشاں ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مکمل طورپر متحرک اور فعال بنانے کی کوششوں کو تیز کیا جائے، افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، سیکرٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز، سی ای او ڈریپ عاصم رؤف و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم کو ملک میں ضروری اور خصوصاً زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی اور ان کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)کی کارکردگی، ادارے کو متحرک وفعال بنانے اور کرپشن و دیگر بدعنوانیوں سے پاک کرنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پالیسی سازی اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالے سے معاملات بھی اجلاس میں زیر غور آئے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں عدالت کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ ڈاکٹروں اور شعبے سے منسلک افراد کو مزید کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔