شہر قائد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کراچی میں جزوی لاک ڈاؤن دوسرے روز بھی جاری۔ تعلیمی ادارے، ہوٹل ریسٹورنٹس سمیت تجارتی و کاروباری مراکز تاحال بند۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر سندھ حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں شہرقائد میں جزوی لاک ڈاؤن بدستور جاری ہے،، تجارتی و کاروباری مراکز بند ہیں، مختلف علاقوں میں چھوٹی بڑی مارکیٹیں پولیس نے بند کروادی ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔
حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے 38 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن کے باعث صدر الیکٹرانکس مارکیٹ، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، لی مارکیٹ، کپڑا مارکیٹ، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ، اکبر مارکیٹ سمیت متعدد مارکیٹیں بند ہیں تاہم میڈیسن مارکیٹ، طبی مراکز، میڈیکل اسٹورز، ہومیوپیتھک اسٹورز کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی دکانیں کھلی ہیں۔
شہر میں اقتصادی و معاشی سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کم ہونے کے باعث نقل وحمل کم ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔
اسپتال حسب معمول کام کرتے رہیں گے جبکہ ان کی او پی ڈیز 15 دنوں کے لیے بند رہیں گی ، اس کے علاوہ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو بھی بند کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ تمام سرکاری دفاتر( ماسوائے لازمی سروس کے زمرے میں آنے والے صحت، اسپتال، واٹر بورڈ،بلدیات وغیرہ) جمعرات سے بند کردیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 307 کوروناوائرس کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 2 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں۔