10 پاکستانی ڈاکٹرز کو کووِڈ 19 کے شبے میں آئسولیٹ کردیا گیا

525

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے 10 ڈاکٹرز کو کورونا کے شبے میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کا عباسی شہیداسپتال میں علاج کرنے والے 10 ڈاکٹرز کو کورونا وائرس کا شبہ ہونے پرآئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔ قرنطینہ کیے گئے مشتبہ 10 ڈاکٹرز میں آر ایم او، پی جی اور ہاؤس آفیسرز شامل ہیں۔ عباسی شہید اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹرز کوا سکریننگ کیلئے ریفر کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز کیلئے ضروری سامان نہ ہونے کے باعث ڈاکٹر، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے تحفظ کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے 24 مارچ کو ہڑتال کا بھی اعلان کیا گیا ہے، اگر حکومت کی جانب سے طبی عملے کو ضروری حفاظتی آلات فراہم نہیں کیے جاتے اور وہ ہڑتال پر چلے جاتے ہیں تو اس کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے بارے میں سوچنا ہی انسان پر کپکپی طاری کردیتا ہے۔