کورونا کے انسداد کیلیے الخدمت کی پیشکش قابل قدر ہے، تیمور جھگڑا

235

پشاور(آن لائن)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے فلاحی تنظیموں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر اس عالمی وبا کا مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداران سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت محمد یحیی ٰاخوانزادہ بھی موجود تھے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ تنظیم کورونا وبا کے پیشِ نظر انسانی ہمدردی کے تحت صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ تنظیم صوبے کے 15 اضلاع میں موجود اپنے اسپتالوں کو کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مختص کرے گی، تنظیم کے 7 ہزار رضاکار بھی صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ انسانیت کے خدمات فراہم کریں گے۔ الخدمت کی 91 ایمبولینس بھی کورونا تدارک مشن میں صوبائی حکومت کو میسر ہوں گی۔ صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا سے الخدمت فاؤنڈیشن اور ارکان صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کا انسانی ہمدردی کی خاطر یہ اہم اقدام ہے جس سے بلاشبہ صوبے کے عوام مستفید ہوں گے اور صوبائی حکومت کو بھی وسائل کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت اور الخدمت فاؤنڈیشن جلد ورکنگ پلان کو حتمی شکل دیں گے۔