وزیراعلیٰ کا سند ھ میں لاک ڈائون کافیصلہ خوش آئند ہے ،عبدالجبار

211

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے پورے سندھ میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کو عوامی مفادات کیلیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچائی ہے ۔ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیںاور لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ وہ اپنے حلقے لیبر فلیٹس میں بنائے جانے والے میں قائم کردہ قرنطینہ سینٹر کے دورے کے موقع پر وہاں موجود افراد سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے حلقے کی مختلف آبادیوں میں سینٹیائزر ، صابن اور ماسک بھی تقسیم کیے۔ عبدالجبار خان نے کہاکہ پاکستان اور خاص طورپر سندھ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے ایسے میں عوام کی جانب سے کورونا وائرس کی سنگینی کو سنجیدگی سے نہ لیے جانے پر وزیراعلیٰ سندھ نے 15 روز کیلیے سندھ میں جو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اس سے سندھ کے عوام کو فائدہ ہوگا ۔ خاص طورپر کراچی، حیدرآباد جوکہ گنجان شہر بن چکے ہیں اگر ان شہروں میں کوئی شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہوا تو وہ دیگر کو بھی اپنے ساتھ نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے اپنے گھروں میں وقت گزاریں اور ہر ممکن احتیاطی دابیر اختیار کریں ۔ معمول کے مطابق لوگوں سے میل جول سے گریز کریں اور کورونا وائرس کا اگر شکار کوئی شخص ہے تو اس کی فوری طورپر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ اسے بروقت طبی سہولیات دی جاسکے۔