نوجوان یوم پاکستان پر عہد کریں وطن عزیز کو دشمنوں سے پاک کرینگے

59

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود، نائب صدورمحمدآصف عطا،مسلم توقیر،فاروق باجوہ،سلیم انصاری اسامہ نذیر ، فیصل خلیجی،عثمان گیلانی، اطہر عظیم اورسلطان ڈوگرودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نوجوان یوم پاکستان23مارچ کے موقع پرعہدکریں کہ پاکستان کو کروناوائرس اور نظریہ پاکستان کے دشمنوںسے پاک کریں گے ،علامہ محمداقبالؒ کے خواب اورقائداعظم محمدعلیؒ جناح کی تعبیرنے جو وطن ہمارے حوالے کیا ہے اس کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ23مارچ کا دن تجدید عہد کادن ہے اوریہ ملکی بقا، سا لمیت، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی صفوںمیں اتحاد پیدا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ 23مارچ قرارد پاکستان ایک تاریک ساز دن ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ ریاست کی جدوجہد کے لیے یکجہتی کی راہ دکھائی اور صرف سات برسوںمیں مسلمانوں نے بانی وطن قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں عظیم ریاست کو حاصل کرلیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے اور پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق اسلامی شرعی نظام کے سانچے میں ڈھال کردنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ پاکستان کو ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں قربانیاں دے کرحاصل کیا۔ اس کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ملک میں کرپشن، رشوت خوری، میرٹ کی پامالی، لاقانونیت، معاشرتی اخلاق کی تنزلی ا ور گراوٹ سمیت ان گنت مسائل ہیں، جن سے پوری قوت اور سنجیدگی سے لڑنا ہو گا۔وطن کی سلامتی و بقاء کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ 23مارچ پاکستان کو اسلامی وفلاحی ریاست بنانے کے عزم کا دن ہے پاکستان کو اگر اس کے نظریے کی بنیاد پر آگے بڑھایا جاتا تو آج ملک بدترین حالات کا شکار نہ ہوتا۔ نظریہ پاکستان کا مطلب لوگوں کو رنگ و نسل اور علاقے سے بالاتر کرتے ہوئے ایک لڑی میں پرونا ہے اگرہم نے نظریہ پاکستان سے روگردانی کی تو قوم فرقہ واریت، لسانیت اور گروہوں میں تقسیم ہو کر انتشار کا شکا ر ہو جائیگی۔ سقوط ڈھاکہ مشرقی پاکستان کا سانحہ بھی دراصل نظریہ پاکستان سے بے وفائی کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی،خوشحالی اور استحکام صاف ستھری دیانتدار قیادت، نظریہ پاکستان اور نظریہ اسلام کے نظام کو نفاذ کرنے سے ہی ممکن ہے۔ لوگوں کے مسائل کا حقیقی حل اور ان کے دکھوں کا مداوا اسلامی پاکستان ہی ہے۔