کورونا پھیلائو کو روکنے کیلیے تعطیلات کا اعلان کیا‘ مشیر پختونخوا

89

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے24 مارچ تا 28 مارچ صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جاسکے تاہم اس کا اطلاق لازمی سروس والے محکموں پر نہیں ہوگا۔ اپنی رہائش گاہ پر وڈیو لنک کے ذریعے میڈیا سے گفتگو ہوتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر عاید پابندی میں ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے جس کی رو سے یہ پابندی 29 مارچ تک لاگو ہو گی جس کے بعد حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن ہمیں ان کی زندگی عزیز ہے‘ اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت فیصلے نا گزیر ہیں‘ وزیراعلیٰ محمود خان تمام حالات کو خود مانیٹر کر رہے ہیں‘اب تک مجموعی مشتبہ کیسز کی تعداد 448 ہے ‘ کنفرم کیسز کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔