حیدرآباد ،حیسکو کا میٹر ریڈنگ کا کام معطل

97

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو میں کورونا وائرس کے باعث گھر گھر جا کر میٹر ریڈنگ کا کام عارضی طور پر معطل کرا دیا گیا ہے، صارفین کو گزشتہ ماہ کے تناسب سے ایوریج بلز جاری کیے جائیں گے ، ملازمین سے صرف اور صرف ہنگامی ایمرجنسی کے لیے کام لیا جائے گا جبکہ جی ایس او کے افسران کا ملازمین کے ساتھ امتیازی اور غیر انسانی سلوک برداشت نہیں کیا جائیگا۔ وہ موجودہ حالات کے تناظر کے مطابق ملازمین سے ایمرجنسی خدمات لینے کے مجاز ہیں بصورت دیگر کسی نقصان کی صورت میں وہ اعلیٰ انتظامیہ کی حکم عدولی کے ذمے دار ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے)کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے اپنی زیر صدارت لیبر ہال میں عالمی وبا کورونا وائرس اور ملازمین کے مسائل کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان، ملک سلطان علی، اعظم خان اور محمد حنیف خان نے خصوصی شرکت کی۔ قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز سی بی اے یونین نے چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن سے کورونا وائرس اور ملازمین کے حوالے سے ملاقات کی جس میں فوری طور یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملازمین صرف اور صرف ایمرجنسی، ہنگامی بنیادوں پر ضروری کام سرانجام دیں گے اور دیگر روز مرہ کے کام عارضی طور پر زیر التوا رہیں گے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے کہا کہ جی ایس او کے افسران کا ملازمین کے ساتھ رویہ غیر انسانی اور امتیازی ہے وہ ملازمین سے موجودہ تناظر میں صرف اور صرف ایمرجنسی خدمات لے سکتے ہیں لیکن وہ ان پر غیر ضروری اور روزمرہ کے کام کے لیے دبائو ڈال رہے ہیں جبکہ وہ موجودہ صورت حال کے باعث صرف ایمرجنسی ڈیوٹی کرانے کے مجاز ہیں، یونین ان افسران کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ اعلیٰ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی اعلانات میں ہر گز مداخلت نہ کریں بصورت دیگر کسی ملازم کو نقصان کی صورت میں وہ نہ صرف اعلیٰ احکامات کی حکم عدول کے مرتکب ہوں گے بلکہ ان کیخلاف حکومت اور محکمے کی اعلیٰ انتظامیہ سے احتجاج کیاجائیگا کیونکہ انسان کی جان سب سے قیمتی ہے۔