اسلام آباد (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے حوالہ سے سی پیک نمائش دوسرے روز بھی جاری رہی، ایکسپو میں چین کی 150 سے زائد کمپنیاں اور سرمایہ کار شرکت کررہے ہیں ۔ پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ ایکسپو کا انعقاد منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات کی وزارت نے کیا جس کا مقصد ملک کے مختلف شعبوں میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا جبکہ سمٹ اور ایکسپو کا انعقاد جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے پہلے اجلاس کی تیسری سالگرہ کے حوالے سے بھی کیا گیا جس میں کاروباری روابط کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ نمائش میں مختلف مقامی اور چینی کمپنیوں نے 60سے زائد اسٹالز قائم کیے جہاں پر انہوں نے اپنی منصوعات کی نمائش کی جس سے دونوں ملکوں کے کاروباری روابط کے فروغ میں مدد حاصل ہو گی ۔ نمائش میں چین کی 27بڑی کمپنیوں کے نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی جو پاکستان میں توانائی، تعمیرات، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔نمائش وایکسپو میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا اورچینی مصنوعات اورکمپنیوں بارے معلومات حاصل کی۔