اسپتالوں کو حفاظتی اشیا کی فراہمی تیز کی جائے، وزیراعلیٰ پختونخوا

77

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ضروری نوعیت کے آلات اور خصوصاً طبی عملے کی حفاظت کے لیے حفاظتی اشیا کی خریداری اور سپلائی کی صورتحال پر اب تک کی پیش رفت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام چھوٹے بڑے اسپتالوں کو ان اشیاء کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور اس عمل میں سرکاری امور کو نمٹانے کے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کیا جائے۔ جمعرات کو محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے مریضو ں کی علاج معالجے پر مامور طبی عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے ، ہم فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کے تحفظ کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے اور اس مقصد کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع کو مجموعی طور پر 180,000 فیس ماسک، 20,000 این95 ماسک، 6850 سرجیکل گاؤنز، 4325 گوگلز، 6116ہینڈ سینیٹائزر، 3310ہینڈ واش، 217,000 گلاؤز، 8,800ڈنگریز فراہم کیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیاکہ اِس وقت 600ملین روپے لاگت کے ضروری اشیاء اور طبی آلات کی خریداری کے آرڈرز جاری کیے جا چکے ہیں، جس میں سے اکثر اشیاء اور آلات مل بھی چکے ہیں اور ان اشیاء کی صوبے کے مختلف ہسپتالوں کو سپلائی کرنے کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری ہے۔