مظفر آباد (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا کی وبا کے تیزی سے پھیلنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مختلف جیلوں میں بند ہزاروں کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر نے کہا کہ کورونا وائرس سے دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں لوگ جان کی بازی ہارگئے ہیں اور خود بھارت کے اندر اس وبا نے ایک خوفناک صورت اختیار کرلی ہے‘ ایسے میں ہزاروں کشمیری اپنے خاندانوں سے دور بھارت کی جیلوں میں قید ہیں اور وہ کشمیر میں اپنے خاندانوں کے بارے میں سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے شہریوں کی نقل و حمل پر نئی پابندیوں اور انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کا نوٹس لیں۔