پاک فوج نے ملک بھر میں 182 قرنطینہ سینٹر زقائم کردیے

175

راولپنڈی (صباح نیوز) ملک بھر میں پاک فوج کے دستے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعینات کردیے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستے وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں‘ تعیناتی کورونا وائرس سے عوامی صحت عامہ کو لاحق خطرات کے پیش نظر کی گئی‘ اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر فوجی دستے سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ تعینات ہیں‘ فوجی دستے قرنطینہ سہولتوں کے قیام میں بھی مدد دے رہے ہیں‘ ملک بھر میں کورونا مریضوں کے لیے 182 قرنطینہ سینٹر قائم ہیں۔ فوجی دستے آزاد کشمیر کے مختلف حصوں بلوچستان کے9 اضلاع، گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع سمیت دور دراز علاقوں میں بھی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فوجی دستے اسلام آباد کے داخلی اور خارجہ راستوں پر بھی تعینات ہیں۔خیبرپختونخوا کے26 اضلاع میں فوجی دستے سیکورٹی اور طبی سہولتوں کی فراہمی میں مدد کر رہے ہیں ۔پنجاب کے 34 اضلاع اور سندھ کے 29 اضلاع میں تعینات کیے گئے ہیں۔