اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سیاہ پٹیاں باندھ کر فرائض کی انجام دہی

138

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کی اپیل پر سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں نے احتجاجاً بازئووں پر سیاح پٹیاں باندھ کر فرائض سرانجام دیے۔ اس موقع پر پی ایم اے سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر پیر منظور علی نے مطالبہ کیا کہ ان کو تمام حفاظتی آلات اور لباس دیے جائیں، ان کی جان کو کورونا وائرس سے خطرہ ہے، تمام ڈاکٹروں کو رسک الاؤنس دیا جائے اور ان کی کاٹی گئی تنخواہ کی رقم واپس کی جائے۔ سندھ کے ہر ضلع میں پُرامن احتجاج کیا گیا اور جب تک حکومت تمام مطالبات نہیں مانتے یہ احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر ممکن سطح پر حکومت سندھ سے اس نازک صورتحال میں تعاون کررہے ہیں لیکن حکومت سندھ ہمارے جائز حقوق جو دیگر صوبوں نے اپنے ڈاکٹروں کو بغیر کسی احتجاج کے دے دیے ہیں دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ احتیاطی کٹس اور سامان کے بغیر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو جان کا خطرہ ہے، اس لیے ہم نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے ڈیوٹی کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ سندھ کے تمام شہروں کے اسپتالوں میں احتجاج ہوا۔ ڈاکٹر منظور علی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کے مسائل فوری حل نہ ہوئے تو ڈاکٹرز کوئی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔