لبنان میں بم دھماکا‘شامی خاتون جاں بحق‘ 10 زخمی

135

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان کے مشرق میں واقع وادی بقاع میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک شامی خاتون ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ لبنان کی سرکاری قومی خبررساں ایجنسی (این این اے) کے مطابق گزشتہ روز یہ بم دھماکا مسیحی اکثریتی قصبے زحلہ کے نزدیک ہوا ہے۔ اس نے مقتولہ ضعیف العمر خاتون کی ایک تصویر بھی جاری ہے جس میں ان کی نعش خون میں لت پت نظر آرہی ہے۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔واضح رہے کہ پڑوسی ملک شام میں 2011ء میں خانہ جنگی چھڑنے کے بعد سے لبنان میں کئی بم دھماکے ہوچکے ہیں۔ جون میں دہشت گرد تنظیم داعش کے 8 خود کش بمباروں نے شام کی سرحد کے نزدیک واقع گاؤں القاع پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ 12 نومبر 2015ء کو لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے برج البراجنہ میں 2 خودکش بم دھماکوں میں 40 افراد ہلاک اور 180 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ داعش نے ان بم حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔