حیدرآباد :علما مشائخ نے ائمہ اکرام کی گرفتاریوں کیخلاف آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ کردیا

124

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کے علما مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلنے، ،لاک ڈاؤن،اور ائمہ کرام اور نمازیوں کی گرفتاریوں اور ضمانتوں پر رہائی کے بعد ملکی سطح پر پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے اور متفقہ لائحہ عمل کے لیے دس اپریل کو کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے کوششیں تیز کرے اور اس کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنا ئی جائے، کورونا وبا سے نمٹنے اور نجات پانے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔تمام دینی اور اپوزیشن جماعتوں نے دانش مندی اور قومی کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔عوام حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں اور ہر پابندی کے لیے تیار ہیں۔ملک کی اولین ترجیح کورونا وبا سے نجات ہے۔لیکن حکومت خود اپنے متضاد اور تذبذب پر مبنی اقدامات سے قومی فکری اتحاد کو خراب کررہی ہے۔ وزیراعظم،وزراء،پنجاب،کے پی کے،بلوچستان،سندھ کے وزراء اعلیٰ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں سیاست بازی سے پرہیز کریں۔وزیراعظم نے اپنے ضدی رویہ و اسلوب سے خود اپنے آپ کو دیوار سے لگایا ہے۔یہ نوشتہ دیوار ہے کہ لاک ڈائون کا فیصلہ،اعلان اور عملدرآمد ریاست نے کروایا اور حکومت اپنی نااہلی سے سائیڈ لائن ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہاتھ ملانے سماجی رابطہ کم کرنے، بار بار ہاتھ دھونے کی احتیاطوں سے بھر پور آگہی ضرور کی جائے لیکن یہ وقت رجوع اللہ کا ہے۔اسلامیان پاکستان کو توبہ و استغفار اور پاکیزگی کا بھی پیغام دیا جائے۔ اس بات کا اعلان علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ جٹانے کی۔ اجلاس میںمرکزی صدر پیر غلام غوث محی الدین حسینی جانی شاہ ، بی بی سیدہ حاجرہ حقانی چیئرپرسن شعبہ خواتین ، علامہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری ، خطیب اہلبیت علامہ محسن کاظم، علامہ ڈاکٹر مہربان مجددی نقشبندی ( ایڈووکیٹ)،علامہ پروفیسرضیاالدین، علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید ، پیر مفتی محمد فیض قادری ، علامہ ڈاکٹر محمود عالم عاصی ، علامہ شکیل قاسمی، مرشد احمد سفیان گورایا ایڈووکیٹ ، علامہ ایس مسرور ہاشمی ،علامہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ ضیا الدین ،،ڈاکٹر فیاض شاہین ، سید معین شاہ،حاجی جمیل،فیصل کھرل ،ندیم شہزاد،مصور اقبال ،احمد مہران گورایا ایڈووکیٹ ،عامر ضیا اور مرکزی و صوبائی کونسل کے ممبران و عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وطن عزیزمیں کورونا وائرس سے لا ک ڈاؤن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علما مشائخ سیاسی بنیادوں پر پی ٹی آئی کے سیاسی یتیموں کو نوازنے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو مسترد کرتے ہیں جو قومی خزانے اور عوام پر بوجھ ہونے کے ساتھ ساتھ نئی بدعنوانیوں کو جنم دے گی لہذا وفاقی حکومت کس صوبائی حکومت فوری طور پر غیر سیاسی بنیادوں پر قائم محلہ امن کمیٹیاں بحال کرکے ان کی خدمات سے استفادہ حاصل کریں۔