بارہ سو سے زائد متاثرین میں راشن بیگ تقسیم کرچکے ہیں،سرور احمد قریشی

82

نوابشاہ (وقائع نگار خصوصی )الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے تحت ضلع شہید بے نظیرآباد کے شہر نواب شاہ، سکرنڈ اور باندھی میں لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو راشن فراہم کرنے کے علاوہ دیگر سرگرمیاں جاری ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر پندرہ لاکھ روپے کا 1200 سے زائد گھرانوں میں راشن جس میں مخیر حضرات اور الخدمت سندھ کے تعاون سے نواب شاہ میں400 ،سکرنڈ میں139 اورباندھی میں 670 شامل ہیں تقسیم کیا گیا جبکہ ماسک کی تقسیم کے علاوہ لوگوں کو گھر بیٹھے آن لائن طبی سہولتیں بھی مہیا کی گئیں۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے نواب شاہ الخدمت کے صدر عبدالوہاب خان ،فیصل ہمایوں، سکرنڈ کے صدر کنور راشد مکرم، عبدالعلیم اورجماعت اسلامی باندھی کے امیر طارق جاوید آرائیں، ثاقب علی اور ان کے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی مدد کی۔ انہوں نے مخیر حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متاثرہ گھرانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی امداد کے لیے ابھی تک کوئی مؤثر لائحہ عمل دینے میں ناکام ہیں اب معاشرے کے اہل خیر افراد کی ذمے داری بڑھ گئی ہے کہ وہ آگے آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت اور جماعت بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب جبکہ مسلمانوں کے علاوہ اقلیتی برادری کی مدد بھی کر رہی ہے۔