کراچی/لاہور/اسلام آباد/پشاور(اسٹاف رپورٹر + مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی ، مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2415 تک جا پہنچی ہے جبکہ 107افراد صحتیاب ہوگئے ہیںجبکہ سندھ میں آج دن 12بجے سے ساڑھے 3بجے تک مکمل لاک ڈائون ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کورونا وائرس کے اب تک 173کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 7 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 3 ، سندھ میں 2، پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جمعرات کو صوبے میں 2 مزید ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیاجبکہ انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔دوسری ہلاکت کراچی میں ہوئی جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض انتقال کرگیا۔عذرا پیچوہو کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا 86 سالہ شخص سماجی رابطے سے متاثر ہوا، مریض یکم اپریل کو اسپتال میں داخل ہواجہاں اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہ چل بسا۔علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ سندھ میں اب تک ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے 10 کراچی شہر میں ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 65 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 30 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 69 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 914 ہوگئے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب میں ایک اور ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی خان سے 213 زائرین اور ملتان سے 91 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے نئے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔ اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔جمعرات گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 187 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے علاقے میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے مجموعی کیسز کی تعداد 183 بتائی ہے اس طرح پورٹل اور محکمہ اطلاعات کے نمبرز میں 4 نمبرز کا فرق ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔