رسائل و مسائل

243

مولانا عبدالمالک

بچے کے حلال و حرام ہونے میں اختلاف
سوال: کیا انسان کے حلال اور حرام بچے کی شرعی لحاظ سے کوئی پہچان ہے۔ اگر ہے تو کیا؟
جواب: وہ بچہ جو بیوی کے بطن سے نکاح کے چھ ماہ بعد پیدا ہو وہ شرعاً حلال ہے، اگر شوہر پیدا ہونے کے بعد انکار کردے کہ میر انہیں ہے تو پھر عدالت میں دعویٰ دائر کرے یا بیوی پر الزام لگایا ہو تو بھی عدالت میں دائر کرے۔ عدالت شوہر سے ثبوت مانگے گی، اگر شوہر ثبوت پیش نہ کر سکے تو ’’لعان‘‘ کرائے گی اور لعان کے بعد بچے کو ماں کی طرف نسبت کردے گی، باپ کا نہیں ہوگا۔ وہ بچہ ماں کی طرف منسوب ہوجائے گا اور اس کا باپ کوئی نہ ہوگا تو وہ حلال نہیں ہوگا۔
٭…٭…٭
غیر مسلم کے ساتھ کھانا کھانا
سوال: میں ایک غیر ملکی کمپنی میں ملازم ہوں۔ ہمارے ساتھ غیر مسلم بھی کام کرتے ہیں، کیا ہم ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں اور کیا ان کا کھانا وغیرہ کھا سکتے ہیں؟
جواب: غیرمسلموں کے ساتھ بیٹھنا اور حلال کھانا پینا ہو تو اکٹھے کھاپی سکتے ہیں، لیکن اس کو عادت نہیں بنانا چاہیے۔ اس لیے کہ غیر مسلم اسلامی طہارت اور نظافت کے اصولوں اور حلال و حرام کے پابند نہیں ہیں۔ بول وبراز اور استنجا اور ہاتھ دھونے اور برتنوں کی صفائی کے اسلامی اصولوں کی پابندی نہیں کرتے۔
٭…٭…٭
سوال: کیا قضائے عمرہ سنت سے ثابت ہے؟
جواب: نبی کریمؐ سے صلح حدیبیہ کے موقع پر عمرہ رہ گیا تھا، کفار نے عمرے سے روک دیا تھا، صلح اس بات پر ہوئی تھی کہ اگلے سال عمرہ کریں گے۔ اس عمرے کو عمرۃ القضا کہتے ہیں۔ آپؐ نے صلح کے مطابق اگلے سال عمرہ کیا اور عمرۃ الحدیبیہ کی قضا کی۔ پس عمرے کی قضا سنت سے ثابت ہوئی۔
٭…٭…٭
سوال: عورتوں کے لیے باجماعت نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب: عورتوں کے لیے نماز باجماعت نہیں ہے البتہ وہ نماز جمعہ میں شرکت کریں تاکہ خطیب کے خطبے سے دین کا علم حاصل کریں اس طرح رمضان المبارک میں تراویح کے بعد یا پہلے قرآن پاک کا خلاصہ بیان کیا جاتا ہے تو عورتوں کے لیے نماز تراویح کے لیے الگ سے شرکت کا انتظام ہو تو پھر تراویح میں بھی شرکت کریں۔
٭…٭…٭
مصنوعی بال لگوانا
سوال: میرے افسر نے مجھے بتایا کہ مصنوعی بال لگوانا اسلام میں جائز نہیں ہیں۔ تو کیا جسم کے دوسرے مصنوعی اعضا مثلاً ہاتھ پاؤں وغیرہ استعمال کرنا جائز ہے کہ نہیں؟
جواب: بالوں کی جسم میں وہ اہمیت اور حاجت نہیں کہ جو باقاعدہ انسانی جسم میں دوسرے اعضا کی ہے۔ اس لیے دھاتوں سے تیار کردہ مصنوعی اعضا استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح دل گردہ وغیرہ زندگی کو بچانے کی خاطر ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔
٭…٭…٭
سوال: اسلا م کے کیا معنی ہیں؟
جواب: اسلام کے ایک معنی اطاعت اور فرمانبرداری کے ہیں۔ اس معنی کے لحاظ سے مسلم وہ ہوتا ہے جو اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار ہو۔ اس کے دوسرے معنی سلامتی کے ہیں۔ نبیؐ نے فرمایا: ’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں‘‘۔ اس لحاظ سے اسلام سلامتی کے معنی میں ہے۔ مسلم وہ ہے کہ جو سلامتی دینے والا ہو اس لحاظ سے اسلام سلامتی کا دین ہے۔آپؐ نے یہ تشریح فرما کر مسلمانوں کوآپس میں ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے سے روک دیا کہ ایسی صورت میں اسلام کا نام ایسے لوگوں پر صادق نہیں آئے گا۔