متعلقہ محکمے قرنطینہ مراکز عملے کے تحفظ کو یقینی بنائیں،محمود خان

86

پشا ور(آن لائن)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ محکموں کے اعلی حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں کورونا متاثرین کے لیے قائم کیے گئے قرنطینہ اور آئسولیشن مراکز کے بہتر انتظام و انصرام ، ان مراکز میں تعینات عملے کے تحفظ اور ان مراکز کو چلانے کے لیے وضع کردہ قوائد و ضوابط پر عملدرآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے ہر ضلع کی سطح پر محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی دکانوں، بینکوں اور ضروری خدمات کی فراہمی کے دیگر مقامات میں حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا وبا کے ممکنہ پھیلا کو روکا جا سکے۔ وہ گذشتہ کورونا وبا کے پھیلا کے تدارک کے لیے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے محکمہ ہائے داخلہ، صحت اور ریلیف کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں کورونا کی لمحہ لمحہ بدلتی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے صوبائی سطح پر مرکزی کووڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے علاوہ ہر ضلع اور ہر تحصیل کی سطح پر کووڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے گئے اور ان کمانڈ اینڈ کنڑول سنٹرز میں محکمہ صحت، ریلیف، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔