اسرائیل: داڑھی والوں کیلئے مخصوص فیس ماسک بنانے کا فیصلہ

275

تل اویو: اسرائیلی وزارت صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر اتامار گروٹو نے کہا ہے کہ مذہبی طبقے کے افراد کی ترجیحات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے داڑھی والوں کیلئے کوروناوائرس سے بچائو کےتحت مخصوص فیس ماسک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق یہودیوں، پادریوں اور مسلمانوں کے مذہبی ترجیحات کے پیش نظر اسرائیلی طبی حکام نے داڑھی رکھنے والوں کیلئے علیحدہ فیس ماسک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مذکورہ بالا فیصلہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل میں فیس ماسک پہننے کی ہدایت جاری کیں گئیں، جس کے بعد داڑھی رکھنے والوں پر سوال اُٹھایا گیا اور خدشہ ظاہر کیا گیا کہ وائرس داڑھی سے بھی پھیل سکتا ہے۔

اتامار گروٹو نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اِن فیس ماسک کی منظوری کا انتظار ہے جو کہ بعدازاں ہر سائز میں دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی ربائیوں کی چیف کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اگر وزارت داڑھی کاٹنے کو ضروری سمجھتی ہے تو تمام شہریوں کو داڑھی کاٹنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسرائیل میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 8,611 سے زائد ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 53 ہے۔