ڈپٹی کمشنر بھارہ کہو میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کریں ، سجاد عباسی

72

 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر بھارہ کہو میں گراں فروشوں کیخلاف سخت کارروائی کریں، اسلام آباد کے مخصوص حالات کے پیش نظر شہریوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اْٹھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے بھارہ کہو کے تاجر نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی صفوں میں موجود مصنوعی مہنگائی کرنے والی کالی بھیڑوں کا محاسبہ کریں، جبکہ بھارہ کہو کے یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے اور چینی سمیت اشیائے خورونوش کے معیار اور مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ سجاد احمد عباسی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو دو ہفتے ہونے کو ہیں، دہاڑی دار مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے، حکومت روزانہ امدادی پیکیج کے اعلانات کرتی ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ دینے کو تیار نہیں، حکومت چار لاکھ ٹائیگرز کے لیے خطیر رقم خرچ کرکے شرٹس بنوا رہی ہے مگر ڈاکٹروں کو معیاری طبی آلات اور محفوظ لباس دینے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن فرقہ واریت، لسانیت، برادری ازم سے بالا تر ہوکر بیروزگاری کے اس دور میں خدمت کے جذبے کے تحت کام کررہی ہے اور لوگوں کے گھروں تک امداد پہنچائی جارہی ہے کیونکہ حکومتی ریلیف پیکج کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچا۔ بجلی، تیل، گیس پر عائد تمام حکومتی ٹیکس واپس لیے جائیں تاکہ بند صنعتوں کا پہیہ چل سکے اور عوام کو روزگار ملے۔