سندھ میں آج بھی مسلسل تیسری مرتبہ نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی ہوگی

357

کراچی/حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) سندھ میں آج مسلسل تیسری مرتبہ نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عاید کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق جمعہ کے روز لاک ڈاون کے دوران پابندیوں کا اطلاق مزید سخت ہوگا۔دوپہر 12بجے سے سہ پہر 3بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی جبکہ عوامی نقل وحرکت مکمل محدود ہوگی۔حکم نامے کے مطابق جمعے کو دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک پابندی سے مستثنا کاروبار بھی بند رہیں گے۔ مساجد میں نماز جمعہ کے محدود اجتماعات ہوں گے اور صرف پیش امام،موذن اور خدام سمیت 5افراد شریک ہوسکیں گے۔ادھر لاک ڈاؤن کے 18 روز بھی کراچی میں گرفتاریوں کا عمل جاری رہا۔پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں 2378 افراد کو گرفتار کرکے 103 موٹر سائیکلوں اور 3 کاروں کو بھی تحویل میں لے لیا۔علاوہ ازیں سندھ میں کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا گیا جس میں کرایہ داروں کو رعایت دینے کے ساتھ ساتھ بجلی، گیس اور پانی کے بلز معاف کیے گئے ہیں۔ آرڈیننس کا مسودہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 128 کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ قانون سندھ آرڈیننس کا مسودہ گورنر کو منظوری کے لیے ارسال کرے گا۔سندھ کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس یکم اپریل سے پورے سندھ میں نافذ العمل ہوگا۔آرڈیننس کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو سماجی، معاشی اور کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔مسودے میں کرایہ داروں کے لیے بڑا پیکج رکھا گیا ہے جس کے مطابق 50 ہزار روپے سے کم کرایہ کی وصولی موخر کی گئی ہے جبکہ 50 لاکھ سے ایک لاکھ تک کرایہ ہونے کی صورت 50 فیصد اور ایک لاکھ سے زاید کرایہ ہونے کی صورت مکمل ادا کیا جائے گا۔مسودے کے مطابق ایک سے 260 یونٹ تک بجلی کا بل مکمل معاف کیا جائے گا جبکہ 261 سے 350 یونٹس تک بجلی بل میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔اس کے علاوہ 80 گز تک کے تمام پانی کے کنکشنز کے حامل بل معاف ہوںگے۔ 800 اسکوائر یارڈ کے فلیٹ سے پانی کا بل وصول نہیں کیا جائے گا، 1000 اسکوائر یارڈ کے فلیٹس کو پانی کے بل کی مد میں 25 فیصد رعایت ہوگی جبکہ 1200 اسکوائر یارڈ کے فلیٹس کو پانی کے بل میں 50 فیصد رعایت ہوگی۔مسودے میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ 155 یونٹ تک گیس کے بل معاف کیے جائیں گے۔ 200 یونٹ تک گیس کے بل پر 25 فیصد معاف ہوگا، 300 یونٹس کے گیس بل پر 50 فیصد رعایت ہوگی اور 300 یونٹس سے زاید گیس کا بل ادا کرنا ہوگا۔کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی خلاف ورزی پر سزا کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔آرڈیننس کے تحت ریلیف نہ دینے پر موقع پر سزا ہوگی اور آرڈیننس پر عمل نہ کرنے کی صورت 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔صوبائی محصولات اور فیس میں بھی رعایت دی جائے گی۔ محصولات، فیس اور سیس وصول کرنے والے محکمے رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ صوبائی وزیرمرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ آرڈیننس لاگو ہوگیا تو عوام کے لییبہت بڑا ریلیف ہوگا۔