کورونا وائرس،ٹیلی کام کمپنیوں نے حکومت سے اربوں کا ٹیکس ریلیف مانگ لیا

390

ٹیلی کام کمپنیوں نے حکومت سے اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف مانگ لیا ہے اور کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دیگر سیکٹرز کی طرز پر پیکیج دیا جائے،

ٹیلی کام کمپنیوں جاز، ٹیلی نار،زونگ اور یوفون کے سی ای اوز نے وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے دیگر سیکٹرز کی طرز پر ٹیلی کام کمپنیوں کو بھی پیکیج دیا جائے،

وفاقی اور صوبائی حکومتیں16 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیونیز ختم کریں،ڈیٹا پر ٹیکس کی چھوٹ دی جائے، نادرا شناختی کارڈز کی تصدیق پر 23روپے چارجز ختم کئے جائیں،یو ایس ایف اور آر اینڈ ڈی ٹیکسز میں پچاس ارب روپے کی چھوٹ کا بھی مطالبہ کر دیا ہے،

خط میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں تھری جی، فور جی سروسز دی جائیں،پی ٹی اے سالانہ ریگولیٹری ڈیوٹیز میں پچاس فیصد کمی کرے،

خط میں کہا گیا کہ کورنا کی وباء تک ود ہولڈنگ ٹیکس عارضی طور پر ختم کر دیا جائے، ذرائع کے مطابق نادرا فی شناختی کارڈ بائیو میٹرک پر 23روپے لیتا ہے جو ماہانہ چودہ کروڑ روپے بنتے ہیں،

تمام ٹیلی کام کمپنیوں کے سی ای اوز آج جمعہ کو وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی سے بھی اس حوالےسے ملاقات کرینگے،

جس میں ٹیکسز کے حوالے سے بات چیت ہو گی ، واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر موبائل آپریٹرز کے ٹیکسوں سمیت بعض دیگر مسائل کا حل پیش کرنے کیلئے وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں 13رکنی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو ان معاملات کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریگی۔