کوروناوائرس کی شکار نرس کو مالک مکان نے گھر سے نکال دیا

351

اسپین: دارالحکومت میڈرڈ کے ایک نجی اسپتال میں نرسنگ کے فرائض انجام دیتے ہوئے کلارا سرینو خود کوروناوائس کا شکار ہوئی تھیں جس کے بعد اُن کے مالک مکان نے انہیں گھر سے نکال دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 31 سالہ کلارا سرینو میڈرڈ کے ایک اسپتال میں کوروناوائرس مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے کوروناوائرس کا شکار ہوئیں۔

کلارا کرائے کے مکان میں رہتی تھیں۔ کوروناوائرس مرض کی تشخیص کے بعد سنگدل مالک مکان نے انہیں گھر سے نکال دیا۔

کلارا سرینو نے میڈیا نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں 11 مارچ کو آئی تھیں اور 12 مارچ کو اسپتال میں کام کرنا شروع کیا جس کے بعد انہیں 19 مارچ کو کوروناوائرس وارڈ میں تعینات کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کوروناوائرس کی علامات 19 مارچ کو ہی ظاہر ہونے لگیں تھیں جسکے بعد 22 مارچ کو ٹیسٹ کروایا اور 23 مارچ کو ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔

کلارا کا کہنا تھا کہ اگلے دن جب میں سو کر اُٹھی تو آنکھوں میں درد تھا اور سونگھنے چکھنے کی حِس مائوف ہوگئی تھی تاہم بخار، سانس لینے میں دشواری اور کھانسی جیسی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور اُسی دن میرے مالک مکان نے مجھے گھر سے بےدخل کردیا۔

واضح رہے کہ اسپین میں کوروناوائرس مریضوں کی تعداد 153,222 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 15,447 ہے۔