سندھ حکومت کی جانب سے کھانے کا غیرمعیاری سامان تقسیم

137

حیدر آباد(نمائندہ جسارت)سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں غریبوں کو ان کے گھروں میں راشن کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا۔تاہم اس کے لیے نجی ٹھیکیدار سے حاصل کیے جانے والے راشن بیگز میں سستے اور غیر معیاری سامان کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹھیکیدار کی جانب سے فراہم کیے گئے راشن کے 10 ہزار 800 بیگز کے حوالے سے ہونے والی ایک تحقیق میں اس حوالے سے معلوم ہوا کہ حکومت کو فراہم کیے گئے راشن بیگز میں سستا اور غیر معیاری سامان موجود تھا۔بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کے دستاویزات میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ حکومت کو فراہم کردہ 20 کلو کے راشن بیگ کی قیمت میں مارکیٹ میں دستیاب اتنے ہی وزن کے بیگ کی قیمت میں 179 روپے کا فرق پایا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حیدرآباد ضلع کے چار تعلقوں میں حکومت کی جانب سے یوسی چیئرمین کو فراہم کردہ ان راشن بیگز کے حوالے سے ایک اعلیٰ انتظامی عہدیدار نے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ حکومت کو فراہم کردہ راشن بیگز میں غیر معیاری سامان تھا۔مذکورہ راشن بیگز کو تمام تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنرز (اے سی) کے تحت یوسی چیئرمینز کو فراہم کیا گیا تھا اور جیسے ہی ان بیگز کی تقسیم شروع کی گئی تو ان میں نہ صرف ناقص سامان کی موجودگی بلکہ ان میں کم وزن کی شکایات بھی سامنے آئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ راشن بیگز کے کم وزن اور ان میں غیر معیاری سامان کی شکایات کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ون لیاقت کلہوڑو نے محکمہ خوراک اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کے عملداروں کے ساتھ مل کر معاملے کی تفتیش کی۔اے ڈی سی نے راشن فراہم کرنے والے کاروباری شخص محمود راجپوت، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر سرکاری عہدیداروں کے سامنے راشن بیگز کی تفتیش کی جس میں راشن بیگز میں فراہم کردہ کچھ چیزیں ناقص پائی گئیں۔رپورٹ کے مطابق تفتیش کے بعد راشن بیگز فراہم کرنے والے محمود راجپوت کو کہا گیا کہ وہ راشن بیگز میں فراہم کردہ کچھ چیزوں خاص طور پر دال چنا اور چاول کو تبدیل کرے، جو غیر معیاری ہیں۔راشن بیگز کی تفتیشی رپورٹ میں بیگز فراہم کرنے والے دکاندار کی جانب سے دی گئی قیمتوں کا عام مارکیٹ کی قیمتوں سے بھی موازنہ کیا گیا اور 20 کلو راشن بیگز میں مجموعی طور پر 179 روپے کا فرق پایا گیا۔راشن بیگز کی تفتیش کرنے والے اے ڈی سی لیاقت کلہوڑو کے مطابق نئے ڈپٹی کمشنرز کی ہدایات کے مطابق غیر معیاری اور کم وزن بیگز فراہم کرنے پر دکاندار سے کیا گیا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے جب کہ اب یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشنز کے ساتھ دوسرا معاہدہ کیا گیا ہے اور انہیں 11 ہزار راشن بیگز فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔