2کروڑ40لاکھ پاکستانی بچے اسکول سے محروم ہیں،یونیسیف

124

اسلام آباد (صباح نیوز) اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 5 سے 16 سال کی عمر کے درمیان 2کروڑ 40لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے، ان بچوں میں 61لاکھ بچے پرائمری سکول کی عمر کے ہیں اور جس میں زیادہ تعداد بچیوں کی ہے ، اسکول سے باہر بچوں کی کل تعداد کا دو تہائی حصہ لائبیریا میں موجود ہے جبکہ دوسرے نمبر پر 59فیصد کے ساتھ جنوبی سوڈان آتا ہے۔اسکول نا صرف بچوں کو تعلیم فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کے تحفظ کا بھی ذریعہ ہیں ،اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے نیویارک سے جاری بیان
میں کہا کہ افغانستان میں 46فیصد سوڈان میں 45فیصد نائیجر میں 38فیصد اور نائیجریا میں 34فیصد بچے پرائمری تعلیم سے محروم ہیں، یونیسف کے اعداد و شمار کے مطابق جن ممالک میں بچے اسکول سے باہر ہیں یہ تنازعات ، جنگوں ، طوفانوں،سیلابوں،زلزلوں اور غربت سے متاثر ہیں، رپورٹ میں ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تنازعات قدرتی آفات اور شدید غربت سے متاثرہ ممالک میں بچوں کی ایک ایسی نسل تیار ہو رہی ہے جو فنی مہارتوں سے محروم ہے اور اپنے ملکوں اور وہاں کی معیشت کے لیے کوئی حصہ نہیں ڈال سکے گی جس سے وہاں کی صورتحال مزید خراب ہو جائے گی رپورٹ کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد میں تعلیم کی مد میں سب سے کم رقم دی جاتی ہے۔