فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ نے شہربھرمیں جراثیم کش اسپرے کا آغازکردیا،پہلے مرحلے میں مساجد،امام بارگاہوں، تھانوں، گھروں اور دیگر مذاہب کی عبادتگاہوںمیں اسپرے کا سلسلہ جاری ہے جس میںجے آئی یوتھ کے کارکنان کثیرتعدادمیں اس کام کو کررہے ہیں، ضلعی چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحموداوردیگرذمے داران اس مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔مذہبی رواداری کی مثال قائم کر دی ہے۔ چودھری عمرفاروق گجرنے اس موقع پر اپنے بیان میں کہاکہ جماعت اسلامی یوتھ کے نوجوانوں مساجد،امام بارگاہوں، چرچ اور مندروں میں جراثیم کش اسپرے کر رہے ہیں،پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے،لیکن یہاں اقلیتوں کا خیال بھی پھرپور طریقے سے رکھا جاتا ہے۔اس کی مثال جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنوں نے قائم کر دی ہے۔ پاکستان میں اقلیتیں دنیا کے بہت سے ممالک خصوصا پڑوسی ملک کی نسبت نہایت محفو ظ ہیں اور امن و سکون سے اپنی زندگی بسر کررہے ہیں مسلمان شہریوں کی جانب سے اکثر و بیش تر ان کیلیے اظہار یکجہتی بھی کیا جاتا ہے اور حکومتی سطح پر بھی انہیں پاکستان کے برابر شہری کے حقوق فراہم کرنے کیلیے ہر ممکن کوشش جاری رہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مختلف عوامی مقامات کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلیے جماعت اسلامی یوتھ کی جانب سے جراثیم کش اسپرے کیا جارہا ہے،مہم کے دوران چرچ اور مندروں میں بھی کورونا وائرس سے بچائو کا اسپرے کرکے دنیا کو مذہبی روادار ی کا بہترین پیغام دیا گیا کہ اسلام ایک امن و سلامتی کا مذہب ہے اور پاکستان اس مذہب کی تعلیمات پر بنائی گئی ایک ریاست ہے۔