پختونخوا:کورونا سے انتقال پرصحافی کے خاندان کو10لاکھ د ینے کی منظوری

164

پشاور(اے پی پی) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صحافی برادری کی عوام کو آگاہی فراہم کرنے اور کورونا وبا کی حالت میں جان کی پرواہ کیے بغیر حکومتی مشینری کے شانہ بشانہ خدمات کی انجام دہی کے اعتراف میں کسی بھی جرنلسٹ کی کورونا کی وجہ سے فوتگی کی صورت میں ان کے خاندان کو10 لاکھ روپے اور بیماری کی صورت میں تمام تر اخراجات حکومت کی طرف سے ادا کرنے کی منظوری دی ہے۔وہ سول سیکرٹریٹ پشاور کے محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے اطلاع سیل میں صحافیوں کو کورونا کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کورونا کے خلاف اقدامات کر رہی ہیں، محکمہ صحت کے عملے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا حفاظتی سامان خریدا گیا ہے جبکہ پورے صوبے میں 275 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں ،جن میں 18 ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے اسی طرح صوبے کے مختلف اسپتالوں میں ہائی ڈیفنڈنسی یونٹس بنائے گئے ہیں جن میں بھی 480 افراد کی گنجائش موجود ہے اور صوبے کے اسپتالوں میں قائم 110 آئسولیشنز میں بھی 3ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 583 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جن کی تعداد کو مزید بھی بڑھایا جارہا ہے۔محکمہ صحت کے عملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ صحت کے عملے کے بیک اپ کے لیے لوکم اسکیم متعارف کی گئی ہے جن میں 9500 افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے جن میں سپیشلسٹس، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاپ شامل ہیں جبکہ ایمرجنسی کے تحت 638 ریگولر اور 1299کنٹریکٹ پر بھی ڈاکٹر بھرتی کیے گئے ۔ مشیراطلاعات اجمل خان وزیر نے محکمہ شہری دفاع خیبر پختونخوا کی جانب سے سینئر صحافیوں، پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس میں 1000 بوتل سینی ٹائزر 1000 ماسک اور100 حفاظتی سامان بھی پریس کلب پشاور اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدور کے حوالے کیا ۔