چینی اسکینڈل کی فرانزک رپورٹ کا اجرا رکوانے کے لیے پٹیشن دائر

240

راولپنڈی (آن لائن) چینی اسکینڈل سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کی فرانزک رپورٹ کا اجرا رکوانے کے لیے عدالت عالیہ میں صحافی شاہد اورکزئی کی جانب سے پٹیشن دائر کر دی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ معزز عدالت پنجاب میں وفاق کی بے جا مداخلت کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے ، درخواست میں موقف اختیارکیاگیا ہے کہ اس مقصد کے لیے پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹ کمیٹی موجود ہے اور سبسڈی کے بارے میں تمام کارروائی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے روبرو ہونی چاہیے، اس حوالے سے جاری انکوائری کا آئین کی آرٹیکل 148سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی مذکورہ آرٹیکل کسی وفاقی ایجنسی کو کسی صوبے میں فرانزک تحقیقات کی اجازت دیتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پہلے ہی اپنے وزیر زراعت کو سبکدوش کر دیا ،پنجاب کی علاقائی حدود میں کوئی وفاقی اہلکار تحقیقات کے لیے معلومات کا حق نہیں رکھتا، لہٰذا عدالت سے ااستدعا ہے کہ رپورٹ رکوانے کے لیے حکم امتناعی جاری کرے،ہائی کورٹ 14اپریل کو پٹیشن کی سماعت کرے گی ۔ چینی اسکینڈل پر ایف آئی اے کی فرانزک رپورٹ 25اپریل کو منظر پر آنے کی توقع ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے فرانزک رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کر رکھا ہے ۔