پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا ،پاکستان میں عیدالا ضحیٰ 13 ستمبر بروز منگل کو ہوگی
ذی الحج 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، ماہرین فلکیات، محکمہ موسمیات اور اسپارکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کئے گئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ سے کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جب کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی۔ لہٰذا متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج اتوار 4 ستمبر اور عیدالاضحیٰ منگل 13 ستمبر کو ہوگی۔
دوسری جانب سید علی گیلانی نے اعلان کرتے ہوئےکہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں عیدالاضحٰی پاکستان کیساتھ13ستمبرکومنائی جائے گی۔ بھارت میں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث وہاں بھی عید الاضحیٰ 13 ستمبر کو منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھی گزشتہ روز ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں عید الاضحیٰ پیر 12 ستمبر کو منائی جائے گی۔