بلدیہ عظمی کراچی کےافسران نے نارتھ کراچی کی تباہی کا منصوبہ بنالیا

585

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمی کراچی کےافسران نے نارتھ کراچی کی تباہی کا منصوبہ بنالیا ہے،روڈ کٹنگ مافیا نے شہر کے دیگر علاقوں کے بعد لاک ڈاون کا فائدہ اٹھا کر ضلع وسطی کا رخ کرلیا ہے۔

راتوں رات نارتھ کراچی کی سڑکیں ادھیڑ دی گئیں،کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کی گئیں سڑکیں خندقوں میں تبدیل ہوگئیں۔

افسران نے چند لاکھ کا معمولی چالان وصول کر کے کئی کلومیٹر تک پکی روڈز کھدوادیں ہے،سڑکوں کی کھدائی پر علاقہ مکینوں میں سخت اشتعال پایاجاتا ہے۔

بدعنوانیوں میں ملوث محکمہ انجینئرنگ کے افسران کیخلاف سخت کارروائی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کے کرپٹ اور بدعنوان افسران کی مبینہ ملی بھگت سے نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز کی اندرونی وبیرونی سڑکوں کو بری طرح سے کھود دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائبرکیبل کی زیر زمین تنصیب کیلئے کئی کلومیٹر کی سڑکیں کھود دی گئی ہیں جس کی دوبارہ تعمیر کیلئے کے ایم سی کو کئی کروڑ کا فنڈ درکار ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران نے چند لاکھ کا چالان وصول کر کے نارتھ کراچی کو روڈ کٹنگ مافیا کے حوالے کردیا ہے جس کے باعث یہاں کی گلیاں اور سڑکیں خندقوں میں تبدیل ہونا شروع ہوگئیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا کہ گزشتہ کئی روز سے دن رات سڑکوں کو بے دردی سے کھودا گیا ہےذرائع کا کہنا ہے کہ روڈ کٹنگ کی مد میں 3،1800لاکھ روپے کا چالان وصول کیا گیا جبکہ انڈر ٹیبل مبینہ طور لاکھوں روپے نذرانہ وصول کرکے ایک مخصوص ٹھیکیدار کو سڑکیں کھودنے کی چھوٹ دے رکھی ہے۔

اس ضمن میں چیرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کام بند کرادیا ہے،جبکہ اس کے برعکس نارتھ کراچی سیکٹر 7D, سیکٹر9 سمیت مختلف سیکٹرز میں روڈ کٹنگ کا سلسلہ تیزی سے جاری رہا ہےجس کی وجہ سے سیکٹر 11سی 1 سمیت دیگر علاقوں کی سڑکوں کو بے دردی کے ساتھ ادھیڑ دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں میں سڑکوں کی کھدائی پر شدید اشتعال پھیل پایا جا رہا ہے ،مکینوں نے ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی اور تحقیقات کیلئے وزیر اعلی سندھ،وزیر بلدیات،نیب،اینٹی کرپشن سمیت دیگر اعلی حکام سے فوری نوٹس اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔