سندھ حکومت ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا باب بند کرے

179

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے مرکزی جونیئر نائب صدر ولی محمد سومرو نے سندھ حکومت ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا باب بند کرے، ورنہ ایپکا احتجاج پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے ایپکا کے سینئر رہنمائوں سید منور علی شاہ،، شاہد سومرو ودیگر نے ملاقات میں کہا کہ سندھ حکومت کورونا وائرس کی آڑ میں سندھ کے ملازمین کو قربانی کا بکرا بناتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے پانچ سے سات فیصدکورونا فنڈ کی مد میں کاٹ رہی ہے جو کہ زیادہ ہے۔ سیلاب ہو یا کورونا کسی بھی آفت میں ملازمین کی تنخواہ حکومتی ٹارگٹ پر ہوتی ہیں۔ سندھ حکومت ٹائم اسکیل کے جائز مطالبات پر کراچی میں ہمیں اور ہمارے ورکرز کو تشدد کرتے ہوئے گرفتار کرتی ہے، پر تین سال گزرنے کے باوجود مسلسل احتجاج کرنے کے باوجود آج تک ملازمین کو ٹائم اسکیل سے محروم رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے ڈاکٹرز، پولیس اور ریونیو ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کورونا جیسے خطرناک مرض سے لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے ڈاکٹرز پر تشدد کہاں کا انصاف ہے، سندھ میں بھی ڈاکٹرز کو کورونا سے بچاؤ کے تمام آلات مہیا کیے جائیں تاکہ وہ بھی اس مرض سے محروم رہ سکیں۔ سندھ حکومت ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا باب بند کرے ورنہ ایپکا احتجاج پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایپکا کورونا مرض کے خاتمے کے بعد ملازمین کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائے گی۔ صوبائی حکومت سندھ کے ریٹائر ملازمین کی گروپ انشورنس کی ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بنائے۔