کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2شہری زخمی

82

راولپنڈی(صباح نیوز) لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کے چری کوٹ اور شکرگڑھ سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں دو پاکستانی شہری زخمی ہو گئے۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)میجر جنرل بابر افتخار کے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق گزشتہ رات بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی اور مارٹرز کے ذریعہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر چری کوٹ اور شکر گڑھ سیکٹرز کو نشانہ بنایا۔ لائن آف کنٹرول پر چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں 35سالہ معصوم سویلین شہری زخمی ہو گیا،زخمی شخص کا تعلق سیریاں گائوں سے ہے جبکہ شکر گڑھ سیکٹر میں ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجہ میں 57سالہ شخص شدیدزخمی ہو گیا۔ زخمی شخص کا تعلق ننگال گائوں سے ہے۔ دونوں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔