***۔۔۔۔۔۔ملک بھر سے ۔۔۔۔۔۔***

124

بنوں (آئی این پی )بنوں میں متاثرین شمالی وزیرستان کیلئے قائم کیے گئے کیمپ میں آگ لگ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور پانچ خیمے جل گئے، آگ سے 15مویشی بھی ہلاک ہوئے ۔ پولیس کیمطابق بنوں کوہاٹ روڈ واقع متاثرین شمالی وزیرستان کے کیمپ میں آگ اس وقت لگی جب خیمہ میں کھانا بنایاجارہاتھا۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پانچ خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 15 مویشی بھی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تھوڑی دیر میں آگ پر قابوپالیا**سہون شریف میں انڈس ہائی وے پر کار اور ٹرک میں تصادم میں 3 باپ بیٹوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لکی شاہ صدر کے مقام پردادو سے جام شورو جانیوالی کار تیز رفتار ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں کار سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کار ڈرائیور نیاز اور 3 باپ بیٹے غلام قادر، محمد عیسیٰ اور دوست محمد شامل ہیں۔ ان کا تعلق دادو کے علاقے جوہی سے ہے۔ حادثے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں سیہون شریف اسپتال منتقل کردی**کانگو وائرس کا مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد رواں برس ملک میں جان لیوا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں قائم کانگو آئسولیشن وارڈ 4 روز قبل لایا گیا مریض رحمت اللہ دم توڑ گیا ۔ فوکل پرسن غلام عباس نوت کانی نے سرکی روڈ کے رہائشی رحمت اللہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے 10 روز قبل اپنے گھر میں ایک بکرا ذبح کیا تھا جس سے کانگو کے وائرس اس کے جسم میں داخل ہوئے تھے۔ فوکل پرسن غلام عباس کا کہنا ہے کہ فاطمہ جناح اسپتال میں کانگو وائرس کے مزید 3 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ بلوچستان میں رواں برس کانگو کے 10 مریض دم توڑ چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں اب تک کانگو کے 15 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں**پنجاب میں کپاس کے زیرکاشت رقبہ میں16فیصد کی کمی کے باعث رواں سال روئی کی ملکی درآمدات1.3 ارب ڈالر تک بڑھ سکتی ہیں۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن( اپٹما) کی کاٹن کمیٹی کے سربراہ سیٹھ اکبر نے کہا ہے کہ سپننگ انڈسٹری روئی کی ہر ایک گانٹھ کے استعمال پر50 روپے کا کاٹن سیس ادا کرتی ہے اور ہر سال صنعت کی جانب سے تقریباً700 ملین روپے کی ادائیگی کی جاتی ہے اس رقم کو تحقیقی مقاصد کی بجائے انتظامی امور کے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے خرچ کردیا جاتا ہے جس سے ملک میں کپاس کی پیداوار کے فروغ کا عمل متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ پیداوارکے حامل اور بیماریوں کے خلاف بھرپورمزاحمت رکھنے والے بیجوں کی فراہمی کے مسائل سے بھی کپاس کی ملکی پیداوارمیں کمی ہورہی ہے جبکہ کپاس کے زیرکاشت رقبہ میں ہونے والی کمی بھی پیداوار کو کرنے کے اسباب میں شامل ہے۔ فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر حامد ملہی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پیداواری مداخلات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے کپاس کا زیر کا شتر قبہ کم ہورہا ہے اور زیادہ تر کاشتکار گنے اورمکئی کی فصلوں کی کاشت کو ترجیح دیتے ہیں۔ سیٹھ اکبرنے کہا کہ کپاس کی ملکی پیداوارکے فروغ اور درآمدات میں کمی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ درآمدات کی کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت اورملکی صنعت کی ترقی میں مددحاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں کمی سے رواں سال روئی کی درآمدات ایک ارب30 کروڑ ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے**پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی اے جے سی سی آئی) کے چیئرمین زبیرموتی والا نے کہا ہے کہ چمن بارڈر پر باب دوستی پر کاروباری سرگرمیوں کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی رابطوں کے استحکام کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری بھی باہمی رابطوں کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے جس سے نہ صرف پاک افغان باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اس سے خطے کے دیگرممالک کے ساتھ بھی اقتصادی روابط کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے کاروباری مفادات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطوں کے استحکام کیلئے کام کریں تاکہ پائیدار اقتصادی استحکام کو یقینی بنایا جاسکے** پشاور میں دہشگردوں کے پولیس چوکی پر حملے کے نتیجہ میں ایک اہلکار زخمی اور جوابی کارروائی میں چار خود کش حملہ آورمارے گئے ۔ پی ٹی وی کے مطابق جمعہ کی صبح پشاور میں ورسک ڈیم روڑ پر واقع کرسچین کالونی میں دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجیہ میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جوابی کارروائی کر کے چار خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کر د یا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے چاروں دہشتگرد خود کشحملہ آور تھے۔ حکام کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔پشارو کے تمام اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ اور سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے**بنوں کے علاقے میں آئی ڈی پیز کے خیموں میں آتشزدگی کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق اور 15 مویشی ہلاک ہو گئے ہیں ۔ نجی ٹیلی ویژن کے مطابق بنوں کے علاقے میں شمالی وزیرستان کے مہاجرین کے خیموں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث 5 خیمے خاکتسر ہوگئے ۔ آتشزدگی کے نتیجہ میں ایک شخص موقع پر جاں بحق اور 15 مویشی ہلاک ہو گئے ۔فائر بریگیڈ نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ہے**بارش کے باعث کمزور ہوجانے والے خستہ حالت چھت کے زمین بوس ہوجانے پر ملبے میں دب جانے والی 88سالہ معمر خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے اسپتال میں دم توڑگئی اسی طرح گرنے والی دیوار کے ملبہ میں دب جانے والے خاتون سمیت 2 افراد کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ گزشتہ سے پیوستہ روز ہونے والی بارش کے نتیجہ میں مڈرباری کے علاقہ میں مکان کی گرنے والی چھت کے ملبے تلے دب کر 88سالہ زینب بی بی شدید زخمی ہوگئی تھی جسے طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا گزشتہ روز معمر زینب بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑگئی اسی طرح بارش کے باعث گڑھی بیلہ کے علاقہ میں گرنے والی دیوار کے ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہونے والی 28سالہ پروین بی بی اور37سالہ محمد جمیل کو اسپتال میں بدستور طبی امدادفراہم کی جارہی ہے۔