کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے ) کے چیئرمین خواجہ عارف کپور نے چائنا پاکستان اقتصادی راہدری منصوبے ( سی پیک) کو خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے یقینی طور پر ملک میں معاشی خوشحالی آئے گی۔گوادر میں وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی جانب سے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک جیسے منصوبے کی ایک عرصے سے کمی محسوس کی جارہی تھی کیونکہ محل وقوع کے لحاظ سے عالمی سطح پر پاکستان کو انتہائی اہمیت حاصل ہے جبکہ بندرگاہوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال اس سرزمین پر دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی نظریں ہیں۔انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بعد برآمدی و درآمدی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی جس سے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافے کے ساتھ ساتھ ملکی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں کوجاری رکھنے کے لیے خام مال کی بروقت دستیابی بھی ممکن بنائی جاسکے گی جبکہ صنعتوں خصوصاً ٹیکسٹائل و دیگر برآمدی صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی سے عالمی مارکیٹوں میں مقابلے کی صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ بھرپور رسائی بھی ممکن ہوسکے گی۔خواجہ عارف کپور نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی توجہ مقامی سرمایہ کاروں اور تاجروں کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے اور چینی سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ڈیوٹی فری سہولیات فراہم کرنا خوش آئند ہے لیکن حکومت کو مقامی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بھی ایسے ہی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی سرمایہ کار اور تاجر ملکی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں لہٰذا انہیں بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرح صنعتی زمینوں اور ٹیکسوں میں چھوٹ سمیت دیگر مراعات دی جائیں تاکہ چین اور پاکستان کے تاجر مشترکہ طور پر خطے میں معاشی و اقتصادی ترقی کو ممکن بنا سکیں۔