سعودی عرب: گھروں پر علاج کرنے والی ڈاکٹر اور نرس گرفتار

329

ریاض: غیر قانونی طور پر گھروں میں علاج کرنے والی غیر ملکی ڈاکٹر خاتون اور نرس گرفتار کرلی گئیں۔

العربیہ کے مطابق ڈاکٹر خاتون وزٹ ویزا پر سعودی عرب میں رہائش پذیر تھیں اور ایک نرس کے ساتھ گھروں میں جاکر میٹرنٹی سے متعلقہ امراض کا علاج کرتی تھیں۔

سعودی عرب کے محکمہ صحت کے مطابق ادارے کو متعدد ذرائع سے خاتون کی کارروائیوں کا علم ہوا تھا تاہم سیکورٹی اہلکاروں کی مدد سے آج رنگے ہاتھوں ڈاکٹر اور نرس کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے شعبے نگرانی کے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ اشخاص سے خون کے نمونے لئیے جاتے تھے مگر اسے محفوظ کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کو ملحوظ نہیں رکھا جاتا تھا۔ علاج کے دوران صفائی ستھرائی کا بھی خیال نہیں کیا جاتا تھا جس سے مریض اور دیگر افراد کیلئے خطرے کا باعث بن سکتا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ خاتون ڈاکٹر اور نرس کو متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے جس کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔