158سرکاری کالجز میں داخلے کے لئے میرٹ میرٹ لسٹیں تیار نہ ہوسکیں

125

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت کراچی بھر کے 158سرکاری کالجز میں انٹرمیڈیٹ میں داخلے کے خواہشمند طلبہ و طالبات کی میرٹ لسٹیں تاحال جاری نہیں کی جاسکیں۔میرٹ لسٹیں2مرحلوں میں جاری کی جائیں گی۔پہلے مرحلے میں پری انجینئرنگ(لڑکوں)،پری میڈیکل(لڑکیوں) اورکمپیوٹر سائنس(لڑکوں اور لڑکیوں) کی جاری کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پری انجینئرنگ(لڑکیوں)،پری میڈیکل(لڑکوں)،کامرس اور آرٹس کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت سرکاری ہائر سیکنڈری اسکولوں اور کالجوں میں داخلوں کے حصول کے لیے92ہزار سے زائد طلبہ وطالبات نے مختلف شعبہ جات میںآن لائن داخلہ فارم جمع کرائے تھے۔کراچی (باقی صفحہ 9 نمبر 25)
کے تعلیمی اداروں میں شعبہ پری انجینئرنگ میں25365نشستیں ہیں جن میں لڑکوں کے لیے 18190نشستیں ہیں۔ جبکہ اس شعبے میں لڑکوں کے21ہزار سے زائد داخلہ فارم موصول ہوئے تھے جس کے باعث 3ہزار نشستوں کا اضافہ کرکے ان تمام امیدواروں کو مختلف سرکاری کالجوں میں داخلے دے دیے گئے ہیں۔شعبہ پری میڈیکل میں19275نشستیں ہیں جن میں لڑکیوں کے لیے 14035نشستیں ہیں۔شعبہ کمپیوٹر سائنس میں1900نشستیں ہیں جن میں لڑکوں کے لیے1000جبکہ لڑکیوں کے لیے 900نشستیں ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سندھ کے آئی ٹی سیکشن کاگزشتہ روز بھی سرور ڈاؤن ہو گیا تھا جس سے میرٹ لسٹ کے اجرا میں تاخیر ہو رہی ہے۔انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کا تمام تر کام ڈائریکٹریٹ کالجز میں ہونے کے بجائے محکمہ تعلیم سندھ میں کیا جارہا ہے جوکہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ڈائریکٹر کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں پری انجینئرنگ(لڑکوں)،پری میڈیکل(لڑکیوں) اورکمپیوٹر سائنس(لڑکوں اور لڑکیوں) کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں پری انجینئرنگ(لڑکیوں)، پری میڈیکل(لڑکوں)، کامرس اور آرٹس کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔اس بار پری انجینئرنگ میں نشستوں سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس پر ہم نے تمام امیدواروں کو داخلہ دینے کا فیصلہ کر تے ہوئے کراچی کے مختلف کالجز میں3ہزارکے قریب نشستوں کا اضافہ کیا ہے۔کوشش ہے کہ جتنے بھی داخلہ فارم جمع ہوئے ہیں، ان تمام امیدواروں کو سرکاری کالجوں میں داخلہ دیں تاکہ کوئی بھی طالبعلم کسی بھی وجہ سے تعلیم سے دوری نہ اختیار کرے۔ واضح رہے کہ کراچی بھر کے تعلیمی اداروں میں شعبہ پری انجینئرنگ میں لڑکیوں کے لیے 7165نشستیں ہیں۔پری میڈیکل میں لڑکوں کے لیے 5240 نشستیں ہیں۔ شعبہ تجارت میں38740نشستیں ہیں جن میں لڑکوں کے لیے 22040جبکہ لڑکیوں کے لیے16700نشستیں ہیں۔شعبہ ہیومنیٹیز میں18630نشستیں ہیں جن میں لڑکوں کے لیے 4500 جبکہ لڑکیوں کے لیے14130نشستیں ہیں جبکہ شعبہ ہوم اکنامکس میں600نشستیں ہیں جوکہ صرف لڑکیوں کے لیے مختص ہیں۔یاد رہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق کالجز میں کلاسز کا آغاز 7ستمبرسے کیا جائے گا۔
میرٹ لسٹیں